ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: ماولّی 2 گرام پنچایت صدر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک - اے سی کو دیا گیا میمورنڈم 

بھٹکل: ماولّی 2 گرام پنچایت صدر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک - اے سی کو دیا گیا میمورنڈم 

Fri, 16 Dec 2022 20:28:03    S.O. News Service

بھٹکل،16؍ دسمبر (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ ماولّی 2 گرام پنچایت صدر مہیش نائک کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کی اجازت طلب کرتے ہوئے گرام پنچایت کے 11 اراکین کی دستخط کے ساتھ  اسسٹنٹ کمشنر کو میمورنڈم دیا گیا۔
    
خیال رہے کہ ماولّی 2 گرام پنچایت میں کُل اراکین کی تعداد 17 ہے ۔ یہاں عدم اعتماد کی تحریک منظور ہونے کے لئے کم از کم  12 اراکین کی ضرورت ہوگی ۔ اسسٹنٹ کمشنر کو 11 اراکین کی دستخط والا میمورنڈم پیش کرتے وقت 9 اراکین موجود تھے۔ 
    
عدم اعتماد ظاہر کرنے والے اراکین کا کہنا ہے کہ پنچایت صدر اپنی من مانی چلا رہے ہیں ۔ ترقیاتی کاموں کے تعلق سے کسی بھی رکن کو اعتماد میں نہیں لیا جاتا اور اراکین کے رائے مشورے کو کوئی اہمیت نہیں دی جاتی ۔ باقاعدگی کے ساتھ جنرل باڈی میٹنگ بھی منعقد نہیں کی جاتی ۔ ان حالات کی وجہ سے اراکین کو اپنے وارڈوں میں ووٹ دینے والے عوام کو جواب دینا مشکل ہوگیا ہے۔ 
    
ادھر دوسری طرف پنچایت صدر مہیش نائک کا کہنا ہے کہ پنچایت کے بعض اراکین خواہ مخواہ میرے خلاف بغض اور دشمنی کے جذبہ کے ساتھ عدم اعتماد کی بات کر رہے ہیں ۔ اگر عدم اعتماد کی تحریک پیش ہوتی ہے تو پھر اس کا نامنظور ہونا یقینی ہے۔ 
    
اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی نے بتایا کہ اراکین کی طرف سے درخواست موصول ہوئی ہے ۔ پنچایت قانون کے مطابق متعینہ مدت کے اندر عدم تحریک کے ایجنڈے کے ساتھ پنچایت اراکین کا اجلاس طلب کیا جائے گا۔ 


Share: